عالمی مجمع برائے حمایت از مزاحمت کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی طرف سے بیروت میں اپنا سفارتی دورانیہ مکمل کرنے پر شامی سفیر جناب علی عبدالکریم کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مجمع کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے دیگرا اراکین کے ساتھ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے بھی خصوصی شرکت کی۔
بیروت میں قائم شام کے سفارت خانے کے اندر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مجمع برائے حمایت از مزاحمت کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے مستقل رکن حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ اپنے ۱۳ سالہ سفارتی دورانیے میں جناب علی عبدالکریم نے دو برادر ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو بہترین سطح پر رکھنے کے لیے بہترین سفارتی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا لبنان قومیت، مذہب اور فکر و روش کے اعتبار سے ایک انتہائی متنوع ملک ہے جس میں تمام مذہبی، سماجی، سیاسی، قومی اور حکومتی طبقوں کے ساتھ متوازن اور مفید تعلقات برقرار رکھنا ایک چیلنج تھا جسے شام کے معزز سفیر جناب علی عبدالکریم نے احسن انداز میں ادا کیا ہے جس پر وہ مبارکباد اور تحسین و تشویق کے لائق ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اپنا دورانیہ مکمل کرنے والے شامی سفیر جناب علی عبدالکریم کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔