آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی؛ سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان کا تعزیتی پیغام

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ: إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ الْفَقِيهُ، ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ

نہایت رنج و غم کے ساتھ عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید، فقیہِ اہلِ بیتؑ، استادِ برجستۂ حوزاتِ علمیہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلت کی خبر موصول ہوئی۔ آپ کی وفات عالمِ اسلام، بالخصوص مکتبِ اہلِ بیتؑ کے علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی خسارہ ہے۔

حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے اپنی پوری زندگی علومِ آلِ محمدؑ کی تحصیل، تحقیق، تدریس اور ترویج میں صرف کی۔ فقہ و اصول میں گراں قدر علمی خدمات، حوزاتِ علمیہ میں ممتاز علمی و فکری نسل کی تربیت، دینی شعائر کے احیا، بالخصوص عزائے سیدۂ کونین حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے فروغ اور یتیمانِ آلِ محمدؑ کی سرپرستی کے حوالے سے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آپ کی علمی عظمت کے ساتھ اہلِ بیتِ اطہارؑ سے والہانہ محبت و وابستگی آپ کی شخصیت کا نمایاں وصف تھی۔

آپ کی رحلت سے عالمِ تشیع ایک ایسی علمی و روحانی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے جس کی علمی رہنمائی، دینی بصیرت اور خدمات کے اثرات مدتوں باقی رہیں گے۔ دعا ہے کہ پروردگارِ عالم آپ کے درجات بلند فرمائے، آپ کو جوارِ رحمتِ الٰہی اور قربِ معصومینؑ میں جگہ عطا فرمائے اور حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، آپ کے اہلِ خانہ، شاگردوں، جملہ علمائے مذہب اہل بیتؑ اور تمام مقلدین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

ہم اس المناک سانحے پر حضرت ولی عصرؑ کی بارگاہ، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، خاندانِ محترم، شاگردانِ گرامی اور تمام اہلِ ایمان کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی
سربراہمجلس علمائے امامیہ پاکستان