قم المقدس۔ آج اسرائیل ماضی کی نسبت زیادہ خطرناک صورتحال سے دوچار ہے، حماس نے بہادری اور بصیرت کی شاندار تاریخ رقم کی ہے۔ طوفان الاقصیٰ نے خطے میں ہونے والی تمام سازشوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان و مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے شعبہ امورِ خارجہ کے سیکرٹری حجت الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے گذشتہ روز اپنے ایک تنظیمی اجلاس میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم قم کے نمائندہ اجلاس میں فلسطین کی تازہ صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کے پروگراموں کے حوالے سے باہمی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین قم کے مسئول حجۃ الاسلام علامہ شیدا حسین جعفری اور کابینہ دیگر عہدیداروں نے محرم الحرام اور صفرالمظفر کے حوالے سے اپنی فعالیت کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے شعور و آگاہی پھیلانے کو اپنی تنظیمی ترجیحات میں سے سرِفہرست قرار دیا۔ اس موقع پر مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے شعبہ امورِ خارجہ کے سیکرٹری حجت الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بصیرت افزائی کو اپنی تنظیمی ترجیحات میں سے سرفہرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اسرائیل ماضی کی نسبت زیادہ خطرناک صورتحال سے دوچار ہے۔ اس وقت اسرائیل کو چاروں طرف سے مقاومتی محاذ نے گھیر رکھا ہے۔ حماس نے اسرائیل کے ناقابلِ شکست ہونے کے دعوے کو باطل ثابت کر دیا ہے اور بہادری اور بصیرت کی شاندار تاریخ رقم کی ہے۔ عین اس وقت جب اسرائیل کو بعض نام نہاد اسلامی ممالک قبول کرنے کی سازشوں میں مصروف تھے، اچانک طوفان الاقصیٰ نے خطے میں ہونے والی تمام سازشوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔