مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام مبلغین امامیہ کے سالانہ سلسلہ وار علمی و فکری اجتماعات بعنوان عظمت غدیر و عاشورا کانفرنسوں کے سلسلہ کی اس سال کی تیسری کانفرنس کا انعقاد کوٹ ادو میں ہوا۔ کانفرنس میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے مبلغین امامیہ و آئمہ مساجد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی، موسسہ باقر العلوم قم المقدس کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی، ادارہ الباقر شعبہ تربیت کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین سید جاوید حسین شیرازی، مجلس علماء امامیہ پاکستان کے مدیر مسئول حجۃ الاسلام ضیغم عباس، مجلس علماء امامیہ کے علاقائی مسئول حجۃ الاسلام سرفراز حسینی و دیگر مقامی علماء کرام نے خطاب کیا۔
مقررین نے شرکائے کانفرنس سے خطاب میں غدیر و عاشورا کی عظمت، پیغام اور عبرتوں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا غدیر و عاشورا تاریخ اسلام کے دو عظیم واقعات ہیں جو دین کی حفاظت اور بقا کے ضامن ہیں۔ علاوہ ازیں مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام میں کسی کی توہین کیے بغیر کربلا کے شہداء کی لازوال قربانیوں اور تحریک کربلا کے آفاقی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے مجلس علماء امامیہ پاکستان ہر سال محرم الحرام سے قبل مبلغین امامیہ کی فکری و علمی تربیت کے لیے غدیر و عاشورا کے نام سے کانفرنسوں کا انعقاد کرتی ہے۔ اس سلسلے کا یہ ساتواں سال تھا۔ ان کانفرنسوں میں علمائے کرام اور محققین مبلغین امامیہ کو غدیر و عاشورا کے عنوان سے متعلق موضوعات پر مستفید کرتے ہیں۔