مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام سلسلہ وار اجتماعات بعنوان عظمت غدیر و عاشورا کے سلسلہ میں دوسری کانفرنس امام بارگاہ قصر شبیر مدینہ سیداں گجرات میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے موسسہ باقر العلوم قم المقدس کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی نے کہا دنیاوی نظام میں جب امور اللہ کی ذات سے متصل نہیں ہوں گے تو وہ امور امور باطلہ میں سے ہوں گے۔
ادارہ الباقرؑ کی مجلسِ نُظَما کے رکن حجۃ الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی نے مزید کہا انسان کی زندگی میں اللہ کی جس صفت کا سب سے زیادہ کردار ہے وہ ربوبیت ہے۔ انہوں نے کہا مکتب اہل بیت ؑ میں اللہ تعالی حقیقی مالک، خالق اور حقیقی صاحب ِاختیار ہے لہذا جب صاحبِ اختیار ہے تو کسی کو صاحبِ اختیار بنا بھی سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا اللہ تعالٰی نے بطور صاحبِ اختیار رسول اللہؐ کو نبوت و رسالت عطا کی اور رسول اللہ ؐنے اللہ کی طرف سے تفویض اختیار کو استعمال کرتے ہوئے یوم غدیر سوائے رسالت و نبوت کے تمام اختیارات حضرت علی ؑ کو دے دیے اور یہی مکتب اہلِ بیتؑ کا تصورِ ولایت ہے۔ اللہ نے بطور صاحبِ اختیارِ حقیقی ولایت و اختیار رسول اللہؐ کو دیا۔ رسول اللہؐ نے بطور صاحبِ اختیار یہ اختیار معصوم امامؑ کو دیا اور معصوم امامؑ نے بطور صاحبِ اختیار یہ اختیار فقیہ کو منتقل کیا ہے اور یہی نظریہ ولایت فقیہ ہے۔
ح ا فدا علی حلیمی نے مزید کہا مکتب اہلِ بیت ؑ میں حق حاکمیت کی منشاء اللہ تعالٰی کی ذات ہے۔ حکومت کرنے کا حق صرف اللہ سے ملتا ہے۔ انہوں نے امام جعفرصادقؑ کی فرمان ذیشان نقل کرتے ہوئے کہا صاحبِ اختیار امام ع نے فقیہ کو ہم پر بطور حاکم مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا حاکم و سرپرست کی ضرورت ایک عقلی تقاضا ہے۔ سب سے مدیر و مدبر عادل و پرہیز گار اور عالم و دانشور کو جاہل، بے بصیرت اور عاصی پر ترجیح حاصل ہے لہذا یہ بھی عقلی تقاضا ہے اور یہی ولایت فقیہ ہے۔
مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ مبلغین امامیہ کے سلسلہ وار اجتماعات بعنوان عظمت غدیر و عاشورا کانفرنسز کے اس سال کے سلسلہ کی یہ دوسری کانفرنس تھی جس میں بالائی پنجاب کے مختلف اضلاع سے کثیر تعداد میں مبلغین امامیہ و آئمہ مساجد شریک ہوئے۔