پارہ چنار کے مومنین جذبہ حب الوطنی اور شہادت سے سرشار ہیں / ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے زیر اہتمام شہدائے پارہ چنار کی تکریم و تعظیم کے لیے حوزہ علمیہ قم المقدس میں تقریب منعقد کی گئی۔ اس تعظیمی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا  پارہ چنار کے مومنین جذبہ حب الوطنی اور شہادت سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا پارہ چنار کی تزویراتی اہمیت کیوجہ سے یہ خطہ ہمیشہ ہی دشمن  کی خاص دلچسپی کا حامل رہا ہے۔ دشمن مختلف حیلوں بہانوں سے اس خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے رہتاہے۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امورخارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا پارہ چنار میں امن کو سبوتاژ کرنے کے جتنے واقعات ہوئے ان میں قانون نافذ کرنے والے مقامی اداروں کا کردار بہت مشکوک رہا ہے ۔ انہوں نے کہا  سیکورٹی اداروں نے یہاں اتنی زیادہ چیک پوسٹس اور ناکہ بندیاں کی ہوئی ہیں کہ بعض اوقات پارہ چنار کا علاقہ کسی فوجی چھاونی کا منظر پیش کر رہا ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود دہشت گردی ہر کچھ عرصے بعد علاقے میں داخل ہوتے اور کامیاب واردات کے بعد فرار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا اساتذہ کا قتل نسلوں کو فکری  بانچھ پن اور جہالت وتاریکی کی طرف دھکیلنے کی ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا اساتذہ کے قاتلوں کا گرفتار نہ ہونا بہت سارے سوالات اٹھاتا ہے جس کے جواب متعلقہ اتھارٹیز کو دینے چاہئے اور فی الفور اساتذہ کے قاتلوں کو پکڑ کر قرار واقعی سزا دینی چاہئے تاکہ اس خطے کو جنگ کی ایک نئی آگ سے بچایا جا سکے۔

پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امورخارجہ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا پاکستان غیور اور باوفا بیٹوں کی سرزمین ہے، لہذا پاکستانیوں کو اپنے ملک میں امریکی و غیر ملکی  مداخلت قطعاً قبول نہیں ہے۔ ہمارا راستہ شہید قائد علامہ عارف حسینیؒ اور امام خمینیؒ کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا ہم من حیث قوم ملک میں امریکی مداخلت اور نفوذ پر خاموش و لاتعلق نہیں رہ سکتے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہمارے شہداء کا خون ہم سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ ہم پاکستان میں امریکی مداخلت کے خلاف فعال کردار ادا کریں۔ آخر میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما ح ا ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی  نے پارہ چنار کے شہداء کے حوالے حکومت کے مجرمانہ کردار کی بھرپور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے محب وطن شیعہ قبائل کے ساتھ حکومت کا غیر عادلانہ برتاؤ اب کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے اور قوم حکومت و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے سوال پوچھتی کہ محافظوں کی ناک کے نیچے دہشت گردی کے یہ انسانیت سوز واقعات کیسے ہوجاتے ہیں جن کے بعد کوئی دہشت گرد پکڑا بھی نہیں جاتا۔

تکریم شہدا ء کی اس تقریب میں  بحرین سے تعلق رکھنے والی جید علمی شخصیت علامہ عبداللہ دقاق نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ  مجلس علمائے اہل بیتؑ کے صدر جناب مولانا ثواب حیدری نے بھی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

تقریب کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم نے کیا تھا جس میں حوزہ علمیہ قم المقدس کے جید علمائے کرام، طلاب عظام اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ امور خارجہ و قم کے محترم مسوولین نے شرکت کی۔

image_pdfSave as PDFimage_printPrint
Share this post

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے