بحرین کی اسلامی تحریک امل کی طرف سے مزاحمتی تحریک کے قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریب منعقدہ ہوئی۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے بحرین کی اسلامی تحریک کے بے گناہ قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قیدیوں کی غیر مشروط اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بے گناہ قیدیوں کو جیل میں رکھنے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا جیل میں قید بیمار اور ضیعف العمر قیدیوں کو فی الفور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا عوامی تحریکیں جبر کے ساتھ دبائی نہیں جاسکتیں۔ انہوں نے کہا طرز حکمرانی اور حکمران کے انتخاب کا فیصلہ عوام کو کرنے دینا چاہئے اب وہ وقت نہیں کہ جب اشرافیہ کا ایک طبقہ پوری کسی ایک قوم کو اپنا محکوم بنا لے۔ اقوام عالم بیدار ہوچکیں ہیں اور وہ اپنی سیاسی و سماجی زندگی کے اہداف اور روش کا انتخاب خو دکرنا چاہتی ہیں انہیں دبانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اور انسانی حقوق کے عالمی منشور کے خلاف ہے۔ تقریب میں بحرین کی اسلامی تحریک کے جید رہنماووں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ جن میں تحریک امل بحرین کے مرکزی رہنما ڈاکٹر راشد الراشد، تیار الوفاء کے رہنما سید مرتضی السندی، حجازی حزب اختلاف کے رہنما جناب شیخ حسن علی الصالح نمایاں تھے۔