پندرہ رمضان المبارک آسمانِ امامت کے دوسرے تاجدار کریم ِاہلِ بیتؑ حضرت امام حسنِ مجتبیٰ علیہ السلام کی ولادت کا دن ہے۔ اس پرمسرت موقع پر اہلِ بیتؑ اطہار کے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں۔ بے انتہا جود و سخا کی وجہ سے امام حسنِ مجتبیٰؑ کو کریمِ اہلِ بیتؑ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ امام حسنِ مجتبیٰؑ نے تحریکِ اسلام کے اس حساس ترین دور میں زمامِ امامت ہاتھ میں لی کہ جب دشمنانِ اسلام کی طاقت میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا تھا اور وہ اسلام کی جڑیں کاٹنا چاہتے تھے۔ اس حساس ترین دور میں امام حسنِ مجتبیٰؑ نے اپنے حکیمانہ اقدامات سے دشمنوں کو بے نقاب اور ان کے منصوبوں کو ناکام کیا۔ امام حسنِ مجتبیٰؑ نے رمضان المبارک کو نیکیوں میں سبقت کے مقابلے کا مہینہ قرار دیا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی اس مبارک مہینے کی مبارک ترین ساعتوں کے صدقے ہمیں امام حسن مجتبیٰؑ کی سیرت کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور نیکیوں میں دوسروں سے سبقت کی توفیق عطا فرمائے۔
سید شفقت حسین شیرازی