ادارہ الباقرؑ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے ادارے کی ہیئت مدیرہ کے ساتھ مشاورت کے بعد بزرگ عالم دین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو ادارہ الباقرؑ کی سرپرستی کی پیشکش کی جسے علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے قبول کر لیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بانی و سربراہ ادارہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی قومی ملی ، دینی و اجتماعی خدمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی طرف سے ادارہ الباقرؑ کی سرپرستی قبول کرنا ہمارے لیے باعث افتخار ہے جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے اور امید کرتے ہیں کہ ان کی رہنمائی اور نگرانی میں ادارہ اپنے اہداف کے حصول میں مزید موثر انداز میں آگے بڑھے گا۔ اس موقع پر سرپرست ادارہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے ادارہ الباقرؑ کے مختلف شعبوں کی گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ کی فعالیت کو سراہا اور کہا ادارہ الباقرؑکی تاسیس سے اب تک اس کے بانی و سربراہ اور مسوولین امام خمینیؒ اور شہید حسینیؒ کی فکر و عمل کو اسوہ بناتے ہوئے انتہائی موثر اور منظم انداز میں ملک و ملت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں جو قابل تعریف ہے۔
یاد رہے ادارہ الباقرؑتبلیغ دین اور سماجی خدمت کا ایک وسیع نیٹ ورک ہے جس کے زیر اہتمام تبلیغ دین اور سماجی خدمت کے متعدد پروجیکٹ چل رہے ہیں۔ ادارہ الباقرؑ کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ دمشق میں مدرسہ علمیہ امام محمد باقرؑ، قم المقدس میں باقرالعلوم انسٹیٹیوٹ، پاکستان میں تبلیغ و ترویج دین کے لیے مجلس علماء امامیہ (شعبہ تبلیغات)، فلاح و بہبود کی غرض سے باقرالعلومؑ سوسائٹی پنجاب (ر) اور خاتم الانبیاء کمپلیکس، تحقیق و تصنیف کی غرض سے الباقر مرکز تحقیقات و مطالعات (ر) اور کتب کی اشاعت کے لیے الباقرؑ پبلی کیشنز جیسے ذیلی ادارے کام کر رہے ہیں۔