عشرہ فجر اور انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کے پر مسرت موقع پر رہبرانقلاب اسلامی حضرت امام سید علی خامنہ ای دام ظلہ ، ایرانی قوم اور دنیا بھر کے حامیان انقلاب اسلامی کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں۔
عشرہ فجر کے ایام وہ دن ہیں جب سرزمین ایران کے افق پر وہ نورانی صبح نمودار ہوئی؛ جس کی روشنی سے پورے جہاں سے ظلمتیں چھٹنا شروع ہوئیں۔ جب انقلاب کامیاب ہوا یہ وہ زمانہ تھا کہ پوری دنیا مشرق و مغرب کے مستکبرین کے بنے ہوئے جال میں جکڑی ہوئی تھی ۔ استکباری قوتیں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے اپنے زیر اثر ممالک کی سب خیرات لوٹ رہی تھیں۔ ہر طرف ظلم و ناانصافی کا دور دورہ تھا۔ طاقت کے بل بوتے پر عالمی طاقتیں اپنا عالمی نظام نافذ کرنے کے لئے جنگیں مسلط کر رہی تھیں۔ ہر طرف ظلمت کی گھٹائیں چھائی ہوئی تھیں۔ان مستکبرین کے سامنے قیام و مقاومت اور حقیقی آزادی کے حصول کا تصور کرنا بھی مغلوب ممالک اور انکے سربراہان وعوام کے لئے حماقت کا روپ دھار چکا تھا۔ تمام مستضعف قومیں مایوسی و نامیدی کے سمندر میں ڈوبی ہوئی تھیں ۔
اس پر آشوب دور میں ایک مرد مجاہد ، فقیہ وعارف ، ترجمان حقیقی محمدی اسلام، مستکبرین جہان کے خلاف قیام کرتا ہے۔ اللہ تعالی کی ذات پر توکل کرتے ہوئے اپنی غیور ملت کو قیام کی دعوت دیتا ہے ۔ یہ عظیم ملت اپنے قائد و رہبر کی نداء پر لبیک کہتی ہوئی مستکبرین جہان کے حمایت یافتہ شہنشاہیت کے نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔ یہ بہادر قوم ظلم وجبر کے نظام کی زنجیریں توڑتے ہوئے اپنی تقدیر کے دھارے کو اپنے لہو سے نیا رخ دیتی ہے ۔ سالہا سال کی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں وہ فجر طلوع ہوتی ہے کہ جس سے ظلمتوں کے چھٹنے کا آغاز ہوتا ہے۔ ذلت و غلامی کی زنجیریں ٹوٹنا شروع ہوتی ہیں ۔ اور آزادی و خود مختاری کے دور کا آغاز ہوتا ہے۔ مستکبرین کے ایوانوں میں زلزلہ آتا ہے اور مستضعفین کے دلوں میں امید کی کرن پھوٹتی ہے۔ ایرانی عوام کا جذبہ جہاد اور قیام و مقاومت دنیا بھر کے آزادی واستقلال کے متوالوں کے لئے نمونہ عمل قرار پاتا ہے ۔ اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ مقاومت جو ملک ایران سے شروع ہوئی تھی اس کا دائرہ وسیع ہو کر مقاومت کے بلاک کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
یہ انقلاب اسلامی ایران دین و مذہب اور رنگ و نسل کی حدود عبور کرتے ہوئے انسانیت کا نجات دہندہ بن کر پوری دنیا میں پھیل جاتا ہے ۔ اس انقلاب اسلامی کو محدود کرنے اور اس شمع ہدایت کو گل کرنے کے لئے شیطان بزرگ امریکہ کی سربراہی میں عالمی طاقتیں اپنی پوری توانائیاں صرف کرتی ہیں ۔ کبھی بیرونی جنگیں مسلط کی جاتی ہیں تو کبھی اندرونی فتنے ایجاد کئے جاتے ہیں ۔اس نظام کے خاتمے کے لئے تمام تر مادی وسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں۔ انکے یہ تمام تر حربے بری طرح نا کام ہوئے ہیں ۔ کیونکہ جس قوم نے قربانیاں دے کر یہ انقلاب برپا کیا ہے وہ قوم اور اسکی رہبریت اپنی حکمت وبصیرت سے اسکی حفاظت کرنا بھی جانتی ہے۔ اور اس راہ میں ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے آمادہ و تیار ہے ۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ حقیقی آزادی قربانی کے بغیر ممکن نہیں ہوتی۔
انقلاب کے سب دشمن ذلیل ورسوا اور ناکام و نامراد ہونگے اور وہ ہمیشہ شکست سے دوچار ہونگے۔ اور ذلیل ورسوا ہونگے کیونکہ انکے ارادوں پر اللہ تعالی کا ارادہ غالب ہے۔ يُرِيدُونَ أَن يُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَيَأْبَى اللَّهُ إِلَّا أَن يُتِمَّ نُورَهُ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ۔ توبہ/32۔ ترجمہ: وه چاہتے ہیں کہ اللہ کے نور کو بجھا دیا جائے اور خدا اپنے نور کو مکمل قائم رکھنا چاہتا ہے خواہ کافروں کو یہ پسند نہیں۔ اور انکے وعدوں کے مقابلے میں اللہ تعالی کے وعدے سچے ہیں ۔ إِنْ تَنْصُرُوا اللَّهَ يَنْصُرْكُمْ وَيُثَبِّتْ أَقْدَامَكُمْ۔ محمد/07۔ ترجمہ: اگر تم خدا کی نصرت کرو گے تو خدا بھی تمھاری نصرت کرے گا۔ جن کے ساتھ خدا وند تبارک وتعالی کی ذات ہوتی ہے انہیں کوئی شکست سے دوچار نہیں کر سکتا۔ إِن يَنصُرْكُمُ اللَّهُ فَلَا غَالِبَ لَكُمْ۔ آل عمران/160۔ ترجمہ: اگر خدا تمھاری نصرت کرے گا تو کوئی تم پر پھر غالب نہیں ہو گا۔
انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے عشرہ فجر کو بھرپور انداز میں منائیں اور انقلاب اسلامی کے پیغام یعنی ہر مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت، استقامت، مسلسل جدوجہد اور وحدت کے پیغام کو عام کریں۔
سید شفقت حسین شیرازی
۔۶فروری ۲۰۲۳