ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے گزشتہ روز بیروت میں عالمی مجمع برائے حمایت از مزاحمت ”التجمع العالمي لدعم خيار المقاومة “ کے سیکرٹری جنرل جناب یحیٰ غدار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے موجودہ عالمی حالات خصوصا عالمی سطح پر طاقت کے توازن میں رونما ہونے والی تازہ تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ایک گھنٹہ سے زیادہ جاری رہنے والی ملاقات میں روس یوکرائن جنگ کے دنیا کی سیاست اور معیشت پر اثرات پر تبادلہ خیال ہوا۔ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اس موقع پر کہا حالیہ چند سالوں کے حالات و اقعات عالمی استعمار کی ناکامی اور شکست کی طرف اشارہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا ان چند سالوں میں امریکی استعمار کے خلاف نفرت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اور حریت پسند اقوام عالم کی نئی نسلیں استعماری و استکباری طاقتوں کے مقابلے میں مزاحمت کی طرف راغب ہورہی ہیں۔
انہوں نےکہا امریکہ اس اہم عالمی تبدیلی کا راستہ روکنا اور اس میں مداخلت کرکے کے اقوام عالم کو استحکام اور خودمختاری کی جدوجہد سے منحرف کرنا چاہتا ہے تاکہ اس کے لیے اقوام عالم کا استحصال ماضی کی طرح آسان رہے۔ لیکن یہ صدی امریکی سامراج مخالف تحریکوں اور مزاحمتی محاذوں کی کامیابی کی صدی اور امریکی بالادستی کا ناکامی کی صدی ثابت ہوگی۔ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستان مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیسے جب پاکستانی حکومت نے آزاد اور خود مختار خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کی تو امریکہ نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور پاکستان میں سیاسی عدم استحکام لانے کی کوشش کی ہے جس امریکی مداخلت کی ہم ہر سطح اور فورم پر شدید مذمت کرتے ہیں۔ دونوں رہنماوں نے فلسطینیوں سمیت دنیائے عالم کے مستضعفین اور محروموں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان سمیت تمام مسلمان ممالک کے استحکام اور ترقی کے لیے دعا کی۔