آئی ایس او ایسا شجرہ طیبہ ہے جو نوجوانوں کو حیات طیبہ سے روشناس کرواتا ہے / ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی

آئی ایس او ایک شجرہ طیبہ ہے جو نوجوانوں کو حیات طیبہ سکھاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ کے سربراہ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے گزشتہ روز آئی ایس او پاکستان کے موجودہ اور سابقہ مرکزی صدور سے ملاقات کے دوران کیا۔ گزشتہ روز آئی ایس او پاکستان کے موجودہ مرکزی صدر جناب زاہد مہدی، سابقہ مرکزی صدور جناب اطہر عمران اور جناب عارف حسین الجانی نے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی و ملی امور سمیت وطن عزیز کو درپیش چیلنجز اور ان میں ملت تشیع کے کردار کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی اچھی تربیت اور متحرک زندگی ملک و ملت کے لیے بہت ضروری اور مفید ہے۔ انہوں نے اپنے زمانہ طالب علمی کی متحرک زندگی کے تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اس دور میں کیسے نوجوانوں کو معنوی کمال کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے عمل کا حصہ بنا سکتے ہیں۔ ملاقات میں قومی و ملی مشکلات کے تناظر میں نوجوانوں کو درپیش مشکلات اور مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا نوجوان طلبہ کے تحرک کا زمانہ مستقبل کی عملی زندگی کے بڑے میدان کے لیے تیاری کا زمانہ ہے۔ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا کہنا تھا کہ زمانہ طالب علمی میں تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اس بڑے میدان کے اہداف اور مشکلات پیش نظر رہنی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر اوقات نوجوان زمانہ طالب علمی میں تو متحرک ہوتے ہیں لیکن عملی زندگی میں جا کر اجتماعی اور سماجی، سیاسی فعالیت ترک کردیتے ہیں جس کیوجہ سے معاشرے میں قیادت کا فقدان پیدا ہوتا ہے۔ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا کہنا تھا کہ تمام ترقی یافتہ معاشروں کی قیادت وہی افراد کرتے ہیں جو زمانہ طالب علمی سے متحرک زندگی گزارتے اور اپنی شخصیت سازی کرتے ہیں۔ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا آئی ایس او پاکستان ایک شجرہ طیبہ ہے جس کی جڑوں میں وطن کے عزیز بیٹوں کا خون ہے۔ اس کی افادیت ہر دوسرے پلیٹ فارم سے زیادہ ہونی چاہئے یہ شہدا کے خون کا ہماری گردن پر حق ہے کہ ہم ہر طرح سے اس مادر تنظیم کی تقویت کے لیے سرگرم رہیں۔

image_pdfSave as PDFimage_printPrint
Share this post

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے