مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے ایام اور شہیدِ کشمیر مقبول بٹ کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ مجلس مذاکرہ کی صدارت کی۔ مجلس مذاکرہ سے اپنے صدارتی خطاب میں انہو نے کہا: دنیا میں وہی تحریکیں کامیاب ہوتی ہیں جن کی قیادت مقامی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا جن تحریکوں اور انقلابات کی قیادت کسی دوسری جگہ سے امپورٹ ہوئی ہو وہ یا تو کامیاب ہی نہیں ہوتیں یا اگر کامیاب ہوتی ہیں تو دوام نہیں لا سکتیں۔ انہوں نے کہا انقلاب اسلامی ایران کی ایک بنیادی خصوصیت یہ تھی کہ اس انقلاب کی قیادت مقامی اور شجاع و بابصیرت تھی۔ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کشمیری اگر اپنے زور بازو اور مقامی مخلص قیادت پر ایمان اور یقین رکھتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہیں تو ان کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ قم کے تعاون سے سپورٹ کمشیر انٹرنیشنل فورم کے زیر انتظام منعقدہ مذاکرہ میں سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے ڈائریکٹر جناب نذر حافی سمیت متعدد محققین اور اہل علم نے شرکت کی۔ محترم جناب نذر حافی اور محترم جناب بشیر دولتی نے مذاکرے کے موضوع "خون صد ہزار انجم سے ہوتی ہے سحر پیدا” کی مناسبت سے مقالے پیش کئے۔ محققین نے کہا کشمیری ایک انقلاب پرور قوم ہیں جن میں شہید مقبول بٹؒ اور حضرت علامہ محمد اقبالؒ جیسے رہنما موجود ہیں۔ محققین نے کہا انقلاب اسلامی کے قائد و رہبر کبیر حضرت آیت اللہ العظمی امام خمینیؒ کا اصلی وطن کشمیر تھا وہ ایران کے علاوہ کشمیر کو بھی جبر و استداد سے نجات دلوانا چاہتے تھے۔ محققین نے کہا آج بھی کشمیر کے حریت پسند حضرت امام خمینیؒ کے افکار سے مدد لیتے ہوئے خود کو جبر و استبداد سے نجات دلوا سکتے ہیں؛ یہ طاقت امام خمینی ؒ کے افکار میں موجود ہے کہ وہ کسی بھی خطے میں جبر و استبداد کو اسی طرح چیلنج کر سکتے ہیں جیسے انہوں نے اپنے دور میں ایران میں کیا۔