رہبر کبیر حضرت امام خمینیؒ کے قیام کا مقصد وہی تھا جو ابنیاء کی بعثت کا مقصد تھا یعنی وہ معاشرے میں عدل الہی قائم کرنا چاہتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے حوزہ علمیہ قم المقدس میں جامعۃ الولایہ کے زیر انتظام انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے امام موسی صدرؒ کے جملے نقل کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت امام خمینیؒ نے انبیاء کے خواب کی تکمیل کی۔ ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای حفظہ اللہ کے جملے نقل کرتے ہوئے فرمایا انقلاب اسلامی کی کامیابی نہ یہ ثابت کردیا کہ اسلام آج بھی معاشرے کی قیادت کرسکتا اور دنیا کے لیے ایک بہترین نظام کی مثال قائم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا انقلاب اسلامی کو کامیاب ہوئے چار دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور ان چار دہائیوں میں انقلاب اسلامی پہلے سے زیادہ طاقت ور اور مستحکم ہوا ہے۔
ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے انقلاب اسلامی کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا: انقلاب اسلامی معاشرے کے استحصال پر مبنی استعماری ایجنڈے کے خلاف انقلاب تھا۔ انہوں نے کہا انقلاب اسلامی کی دوسری خصوصیت اس کا نظام مند ہونا ہے۔ انہوں نے کہا اس سے قبل اسلامی کی اجتماعی تعلیمات ہمارے علما و مفکرین کے علمی آثار اور کتب میں نظر آتے ہیں لیکن عملی طور پر کوئی نظام ہمارے سامنے نہیں تھا جس کی بنیاد مکتب محمد و آل محمدؑ پر ہو۔ امام خمینیؒ نے انقلاب اسلامی کے ذریعے اس نظام کو متعارف کروایا۔
انقلاب اسلامی کی مزید خصوصیات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا: انقلاب اسلامی کو مخلص، بابصیرت اور فقیہ قیادت میسر آئی وہیں انقلاب اسلامی کو مخلص اور تربیت یافتہ افرادی قوت بھی میسر آئی جو امام خمینیؒ کی تحریک کے دوران تربیت پا گئی تھی۔ انہوں نے کہا انقلاب اسلامی کا ایک امتیاز اور خصوصیت لا شرقیہ اور لا غربیہ کا نعرہ تھا یعنی یہ انقلاب شرق و غرب کی طاقتوں پر تکیہ کیے بغیر وجود میں آیا۔ عوام میں قربانی کا جذبہ اور ایثار و فداکاری کا ولولہ انقلاب اسلامی کی ایک اور ایسی خوبی ہے جو اسے دیگر انقلابات سے ممتاز کرتی ہے۔
انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے جامعہ ولایہ کی طرف سے منعقدہ تقریب میں حوزہ علمیہ کے طلاب دینیہ و اساتید کرام نے شرکت کی۔