گزشتہ روز تہران میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے عالمی سپورٹ فورم برائے مزاحمت کی ایگزیکٹو کونسل کے اراکین کے ہمراہ عالمی اسمبلی برائے اسلامی بیداری کے سربراہ اور رہبر انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور میں مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سابق ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بیداری اسلامی میں شہید قاسم سلیمانی اور مزاحمت کا کردار بیان کرتے ہوئے کہا شہید قاسم سلیمانی کا بیداری اسلامی میں بنیادی کردار ہے خصوصا داعش جیسے دہشت گردوں کو شکست دینا شہید قاسم سلیمانی کا نمایاں ترین کارنامہ ہے جس نے بیداری اسلامی کے کاز کو تقویت پہنچائی۔
عالمی اسمبلی برائے اسلامی بیداری کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اسلامی بیداری میں اتحاد و وحدت کی اہمیت اور ضرورت پر بات کرتے ہوئے کہا امت مسلمہ کے درمیان اتحاد دشمن کے منصوبوں کو ناکام کرنے کے لیے از حد ضروری ہے۔ ح ا ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے عالمی اسمبلی برائے اسلامی بیداری کی خدمات کو سراہا اور عالم اسلام میں بیداری کی لہر کے اثرات و ثمرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا اسلامی بیداری انقلاب اسلامی ایران کی برکات میں سے ایک برکت ہے۔
عالمی حمایت فورم برائے مزاحمت کے سیکرٹری جنرل یحیٰی غدار نے بیداری اسلامی میں اسلامی جمہوریہ ایران اور شہید قاسم سلیمانی کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا انقلاب اسلامی ایران کی ایک بنیادی خصوصیت ایسی شخصیات کی پرورش ہے جنہوں نے عالم اسلام میں ظلم کے خلاف مزاحمت اور سامراج کے خلاف بیداری کی لہر اٹھائی۔ انہوں نے کہا دنیا کے روشن ضمیر رہنما اور عوام شہدائے مزاحمت کے راستے کو ہمیشہ جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں شریک رہنماؤں نے صیہونی رجیم اسرائیل اور عالمی استکبار کے خلاف جدو جہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔