شہید قاسم سلیمانیؒ کی شہادت کی دوسری برسی کی مناسبت سے ایران میں سرکاری سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہی تقریبات کے سلسلے میں انٹرنیشنل مقاومت سپورٹ فورم کے رہنما حکومت ایران کی دعوت پر ایران کے دورے پر ہیں۔ برسی کی تقریبات کے سلسلے میں بین الاقوامی رہنماوں کو شہید قاسم سلیمانیؒ کے آبائی شہر کرمان کا دورہ کروایا گیا۔ اس دورے میں بین الاقوامی مذہبی، سیاسی، علمی اور صحافتی شخصیات کو شہید قاسم سلیمانیؒ کی مزار اور ان کا آبائی گھر دکھایا گیا۔ شہید قاسم سلیمانیؒ نے اپنی زندگی میں اپنے گھر کے ایک حصہ کو بی بی دوعالم سیدہ فاطمۃ الزھرا سلام اللہ علیہا کے نام سے موسوم کرتے ہوئے عزا خانہ کی حیثیت دے رکھی تھی۔ شہید کی زندگی میں ہی اس عزا خانہ میں ایک گمنام شہید کو بھی دفن کیا گیا تھا۔ بین الاقوامی رہنماوں کو شہید قاسم سلیمانیؒ کے گھر کا مفصل دورہ کروایا گیا اور تمام رہنما شہید قاسم سلیمانیؒ کی قبر کی زیارت سے بھی مشرف ہوئے۔
شہید قاسم سلیمانیؒ دہشت گردی اور عالمی سامراج کے توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف جنگ کا ایک مضبوط ستون تھے۔ عالمی رہنماوں کا شہید قاسلم سلیمانیؒ کی شہادت کے ایام میں ایران کا دورہ اور شہید کو خراج تحسین پیش کرنا اس بات کی گواہی ہے۔ عالمی رہنماوں نے شہید قاسم سلیمانیؒ کی شہادت کی مذمت اور ان کے مشن کو زندہ رکھنے کے عزم کے اظہار کے لیے خصوصی بیانیہ کی بھی قرات کی۔ انٹرنیشنل مقاومت سپورٹ فورم کی ایگزیگٹو باڈی کے رکن ہونے کی حیثیت سے حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وفد میں شریک ہیں۔