حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے شہید قاسم سلیمانیؒ کی شہادت کی دوسری برسی کی مناسبت سے اصفہان میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا: آج شہید قاسم سلیمانیؒ کا ظاہری وجودِ مبارک ہمارے درمیان نہیں ہے اور یہ امت اسلامیہ کا بہت بڑا نقصان ہے کہ امت اسلامیہ کا درد رکھنے والا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کی پروہ کئے بغیر ہمیشہ اگلے محاذ پر لڑںے والا شجاع اور دلیر مجاہد اسلام آج ہمارے درمیان موجود نہیں ہے لیکن ان کا مکتب ہمارے درمیان موجود ہے اور جس طرح شہید قاسم سلیمانیؒ کے وجود مبارک نے امت اسلامیہ کو دہشت گرد اور استعماری طاقتوں سے نجات دلوائی اور ان طاقتوں کو میدان میں شکست دی اسی طرح ان کا مکتب بھی دشمن طاقتوں کا پیچھا نہیں چھوڑے گا اور شہید قاسم سلیمانیؒ کے مکتب کے پرورش یافتہ افراد ہر جگہ اور ہر محاذ پر استکباری طاقتوں اور دہشت گردوں کا پیچھا کرتے رہیں گے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا شہید قاسم سلیمانیؒ کا مکتب حضرت امام خمینیؒ کے مکتب سے الہام لیتا اور حضرت امام خمینیؒ کا مکتب مکتبِ اسلام ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں جنگیں ماضی سےکئی گنا زیادہ پیچیدہ ہیں۔ عصر حاضر میں جنگ صرف عسکری محاذ پر نہیں لڑی جاتی بلکہ اس کے لیے معاشی، سفارتی، سماجی اور ثقافتی محاذ سمیت ہر محاذ استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا دشمن اس وقت عالم اسلام اور حریت پسند قوموں کےخلاف ہر محاذ پر نبرد آزما ہے لہذا دشمن سے مقابلے کا دعوی رکھنے والوں کو بھی ہر محاذ پر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا شہید قاسم سلیمانیؒ کے مکتب میں ہم یہ خصوصیت دیکھتے ہیں کہ وہ بیک وقت عسکری، معاشی، ثقافتی، سفارتی و دیگر جملہ محاذوں پر دشمن کے ساتھ نبرد آزما ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا شہید قاسم سلیمانیؒ کے مکتب کی نمایاں ترین خصوصیت مقاومت ہے اور مقاومت میں نمایاں ترین جزو صبر و استقامت اور جہد مسلسل ہے۔ انہوں نے کہا دنیا کے ان تمام حریت پسندوں کے لیے جو دشمن کے خلاف کسی بھی محاذ پر نبرد آزما ہیں ان کے لیے شہید قاسم سلیمانیؒ کے مکتب کے رہنما اصول کامیابی کا روڈ میپ ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان، شعبہ امور خارجہ کے اصفہان میں قائم نمائدہ دفتر کی طرف سےشہید قاسم سلیمانیؒ کی دوسری برسی کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اصفہان کیمپس کے رئیس الجامعہ حجۃ الاسلام والمسلمین جناب امیر طاھایی نے بھی شرکت اور خطاب کیا۔ تقریب میں طلاب کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔