(اسلام آباد) بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبہ تبلیغات "مجلس علماء امامیہ پاکستان” کی تاسیس کے گیارہ سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں علمائے امامیہ کا مرکزی اجتماع بعنوان غدیر و عاشورا کانفرنس منعقد ہوا۔ دیگر ایجنڈے کے ساتھ ساتھ پروگرام میں مہدویت کے عنوان سے ادارہ الباقر کی شائع کردہ نئی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔
ادیان عالم خصوصا دین مبین اسلام میں ایک منجی کا تصور پایا جاتا ہے۔ ایک ایسا منجی جو آخر الزمان میں دنیا کو ظلم سے نجات دلائے گا اور عدل کو برپا کرے گا۔ دین مبین اسلام میں اس نجات دہندہ کو مہدی کہا گیا ہے جو نبی اسلام حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی نسل مطہر سے ہوگا۔
منجی بشریت کے تصور کے حوالے سے مذہب اہل بیت کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں انسانیت کے اس نجات دہندہ کی تمام خصوصیات اور تفصیلات معلوم ہیں۔ امام مہدی کس نسل سے ہوں گے، وہ پیدا ہو چکے ہیں، وہ کن حالات و واقعات میں ظہور فرمائیں گے، وہ کیا اقدامات فرمائیں گے، کیسے عدل کا نفاذ ممکن بنائیں گے، ان کے یار و انصار کن صفات اور خصوصیات کے حامل ہوں گے وغیرہ وغیرہ۔ یہ سب خصوصیات مذہب اہل بیت میں بیان شدہ ہیں۔
اس کے باوجود تصور مہدویت کے بارے مختلف قسم کے شبہات پیدا کیے جاتے ہیں۔ ان شبہات کا جواب تب ہی ممکن ہے جب تصور مہدویت کے تمام پہلوؤں کا مکمل احاطہ ہو، شبہات کے جواب معلوم ہوں اور امام مہدی ع کی معرفت ہو۔
ادارہ الباقر کے تعلیمی شعبے اور موسسہ باقر العلوم قم المقدس اور مطالعاتی شعبے الباقر مرکز مطالعات اسلام آباد نے باہمی تعاون سے مندرجہ بالا اغراض و مقاصد کے لیے مہدویت کے عنوان سے کتاب شائع کی ہے۔
ادارہ الباقر کی کتاب مہدویت مجموعا 15 دروس/ابواب پر مشتمل ہے جس میں ہر باب کی ابتدا میں اس باب کی تحریر کا مقصد، باب کی تدوین کا فائدہ اور اس باب میں مندرج مطالب کو فہرست وار لکھا گیا ہے۔
مہدویت پر گفتگو کی ضرورت، امام مہدی ع کی شناخت، امام مہدی کی ولادت سے امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت تک کے حالات و واقعات، امام مہدی قرآن و حدیث کی نظر میں، امام کی غیبت کے اسباب و غائب امام کے فوائد و برکات، امام مہدی کے ظہور کے انتظار کے معنی و مفہوم، عدل کے قیام کے لیے امام کے ممکنہ اقدامات اور تصور مہدویت کو نقصان پہنچانے والے عوامل و عناصر جیسے موضوعات پر گفتگو اس کتاب کا متن تشکیل دیتی ہے۔
کتب دینیہ کی طباعت کے سلسلے میں ادارہ الباقر کی یہ دسویں کتاب ہے جو شائع ہوکر دلچسپی رکھنے والے قارئین کرام کی خدمت میں پیش کی گئی ہے۔
کتاب ہذا کی ہارڈ کاپی کے لیے ادارہ کے فون نمبرز جبکہ سافٹ کاپی کے لیے الباقر مرکز تحقیقات و مطالعات اسلام آباد کی ویب سائٹ کی طرف رجوع کیا جاسکتا ہے۔