(اسلام آباد) بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبہ تبلیغات کے ذیلی شعبہ "مجلس علما امامیہ پاکستان” کے زیر اہتمام مبلغین امامیہ کے مرکزی اجتماع بعنوان غدیر و عاشورا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ الباقر کے موسس و بانی اور مجلس علماء امامیہ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا مبلغین کا ایک اہم فریضہ یہ ہے کہ وہ معاشرے میں غدیری فکر اور حسینی جذبے کو عام کریں کیونکہ معاشرے کے بہت سارے فکری و عملی مشکلات کا حل اسی فکر اور جذبے سے ممکن ہے۔
مجلس علما امامیہ کی تاسیس کے 11 سال مکمل ہونے پر منعقدہ اس مرکزی اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہم سب کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے کہ معاشرہ سازی کے لیے غدیری فکر کے ساتھ کربلائی افکار کو مؤثر انداز سے بیان کریں، اس اہم ترین فریضہ کی ادائیگی کے لیے سب سے پہلے ہم سب افراد کو چاہیے کہ جو تبلیغات اور ترویج دین کے کام سے مربوط ہیں وہ احسن تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔
سربراہ مجلس علماء امامیہ نے مزید کہا مبلغین کو چاہئے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ انداز میں غدیر و عاشورا کی فکر سے معاشرے کو روشناس کروائیں تاکہ معاشرے کے فکری ارتقاء میں مدد مل سکے۔
یاد رہے مجلس علماء امامیہ پاکستان بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبہ تبلیغات ہے جو مبلغین امامیہ کی استعداد افزائی اور باہمی ارتباط و انسجام کے لیے کام کرتا ہے۔ مجلس علماء امامیہ سال بھر ضلعی، علاقائی اور مرکزی سطح پر مبلغین امامیہ کے لیے فکری علمی و تربیتی پروگرام منعقد کرتا ہے جن سے سینکڑوں مبلغین و آئمہ جمعہ والجماعت استفادہ کرتے ہیں۔