(اسلام آباد) مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ ہونے والے مبلغین امامیہ کے مرکزی اجتماع بعنوان غدیر و عاشورا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ بزرگ عالم دین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا غدیر کی حفاظت تمام عاشقانِ ولایت و امامت کا فریضہ ہے، غدیر کو بھلانے کی وجہ سے کربلا جیسا واقعہ پیش آیا تھا لہذا ہمیں ہر صورت پیغام غدیر کو فروغ دینا ہوگا۔
بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبہ تبلیغات "مجلس علماء امامیہ” کی تاسیس کے گیارہ سال مکمل ہونے پر منعقدہ مرکزی اجتماع بعنوان غدیر و عاشورا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس نے مزید کہا کربلا شناسی تمام مبلغین کرام کے لیے اشد ضروری ہے، واقعہ کربلا میں زندگی کے تمام پہلوؤں بارے رہنمائی موجود ہے۔
پنجاب بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں آئمہ جمعہ والجماعت اور مبلغین امامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کربلا کے شہداء کی پاکیزہ سیرت و کردار میں تمام باغیرت اور بابصیرت کلمہ گو کے لیے درس پوشیدہ ہے۔
یاد رہے مجلس علماء امامیہ پاکستان بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبہ تبلیغات ہے جو مبلغین امامیہ کی استعداد افزائی اور باہمی ارتباط و انسجام کے لیے کام کر رہا ہے۔ مجلس علماء سال بھر ضلعی، علاقائی اور مرکزی سطح پر مبلغین امامیہ کے لیے فکری علمی و تربیتی پروگرام منعقد کرتا ہے جس سے سینکڑوں مبلغین و آئمہ جمعہ والجماعت استفادہ کرتے ہیں۔